حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،حجت الاسلام والمسلمین آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا ہے کہ آئین اور جمہوریت کے ساتھ کھیل کھیلنا تشویشناک ہے۔ اس امر کا اظہار انہوں نے ملک کی تازہ ترین صورتحال پر اپنے ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے اپنے جاری کردہ ایک بیان میں کہا: آئین و قانون بچانے کی ذمہ داری سپریم کورٹ پر آن پڑی ہے۔ جناب موسوی نے یہ بات زور دیکر کہی کہ شخصیات اور مفادات کے بجائے آئین اور جمہوریت کو بچانا ہو گا۔
انہوں نے کہا: حکومت و اپوزیشن آئینی حدود کو پامال نہ کریں کیونکہ اہلِ سیاست کی ناکامی جمہوریت کی بِساط لپیٹ سکتی ہے، تمام فریق اپنے ذاتی اور سیاسی مفادات کو بالائے طاق رکھ کر قوم و ملک کے وسیع تر مفاد کو ترجیح دیں اور ایک دوسرے کو زیر کرنے کے بجائے وطن کی سلامتی کی فِکر کریں تا کہ مشترکہ دشمن کی ہر سازش کو ناکام بنایا جا سکے۔